انسداد پولیو مہم کی طرز پر کورونا ویکسینیشن مہم چلائی جائے، فراز الرحمن

149

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کاٹی کے سابق سینئر نائب صدر اور کے بی جی کے چیف ترجمان فراز الرحمٰن نے ملک بھر میں کورونا کیسزمیں ایک بار پھر تیزی آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ اس وبا سے بچاؤ کی ویکسین ہی واحد حل ہے۔ایک بیان میں فراز الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے اقدامات اٹھائے جس سے کاروبار زندگی چلتارہے اگر سختی کرنی ہے تو ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسینیشن کے لیے کی جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ انسداد پولیو مہم کی طرز پر کورونا ویکسینیشن کے لیے ملک گیر مہم چلائی جائے ا س مقصد کے لیے سماجی و فلاحی اداروں سمیت این جی اوز کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہیلتھ سیکٹر اتنا مضبوط نہیں کہ وہ سنگین صورتحال کا سامنا کرسکے۔