میرپورخاص،ٹرانسپورٹرز نے ایس او پیز کی دھجیاں اڑادیں

122

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ٹرانسپورٹروں کی جانب سے میرپورخاص بس ٹرمینل کورونا فری قرار، ٹرانسپورٹروں نے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں زائد مسافر بھرنے پر متعلقہ اداروں نے آنکھیں بند کرلیں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں میں تلخ کلامی روز کا معمول بن گیا۔ سندھ بھر میں کورونا کی چوتھی لہر میں لاک ڈاؤن اور تمام عوامی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے تو دوسری جانب متعلقہ اداروں کی پراسرار خاموشی کے سبب میرپورخاص بس ٹرمینل جہاں سے کراچی، حیدرآباد، سانگھڑ، عمرکوٹ اور دیگر شہروں کو ہزاروں مسافر سفر کرتے ہیں، بس ٹرمینل پر ٹرانسپورٹر حضرات کی جانب سے کورونا احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز کی مکمل خلاف روزی کی جارہی ہے۔ ویگن، کوسٹر، بسوں اور کوچز میں جانوروں کی طرح مسافروں کو بھرا جارہا ہے۔ زائد مسافروں کو چھتوں پر بھی بڑھایا جارہا ہے جس پر ضلعی انتظامیہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے اپنی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ ایسی صورتحال میں مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کے درمیان تلخ کلامی روز کا معمول بنتا جارہا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک جانب سندھ حکومت کورونا ایس او پیز کے نام پر سختیاں کررہی ہے تو دوسری جانب سے میرپورخاص بس ٹرمینل پر ٹرانسپورٹر حضرات نے سختیوں کو ہوا میں اڑایا ہوا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ کورونا صورتحال میں میرپورخاص کے ٹرانسپورٹروں کو لگام ڈالی جائے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے اور انتظامیہ فوری طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائے تاکہ شہری اس اذیت ناک صورتحال سے نکل سکیں۔