میرپور خاص،زاہد کنبھار کے قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار

134

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) زاہد کنبھار کے قتل کا معمہ حل، سی آئی اے پولیس اور ایس ایچ او میرواہ کی بڑی کامیابی، قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کی جانب سے اعتراف جرم، آلہ قتل اور مقتول کی موٹر سائیکل برآمد۔ دانش کنبھار سکنہ علی مراد چھچھڑ نزد بلوچ فارم میرواہ عید کے دن 21 جولائی گھر سے نکلنے کے بعد سے لاپتا ہوگیا تھا، 2 دن بعد 23 جولائی کو اس کی لاش چودھری افتخار جٹ کی غیر آباد زمین نزد بیلاڑو سے ملی۔ ای سلسلے میں ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن نے انسپکٹر غلام حسین سدھایو، ایس آئی عنایت علی زرداری، انچارج سی آئی اے پولیس کو ملوث ملزمان کو تلاش کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے، جس پر انہوں نے ایس ایچ او میرواہ جنید قمر میمن، ایس آئی دانش احمد، ڈی آئی بی انچارج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دو ملزمان سورج ولد نارائن کولھی سکنہ گنگا رام کالونی، الہٰی بخش رند ولد کریم بخش رند سکنہ گنگارام کالونی کو گرفتار کرلیا اور قتل میں استعمال ہونے والا آلہ قتل اور مقتول کی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔ دوران تفتیش ملزمان الٰہی بخش ولد کریم بخش رند نے بتایا کہ زاہد کنبھار کو غیرت کے نام پر میں نے اور ملزم سورج ولد نارائن کولھی نے مل کر کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر کے لاش چودھری افتخار جٹ کی غیر آباد زمین کی جھاڑیوں میں چھپا دی تھی۔ ایس ایس پی کی جانب سے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا جبکہ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔