دادو میں میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی فیکلٹی کے قیام کی درخواست

125

دادو (نمائندہ جسارت) سندھ یونیورسٹی کیمپس دادو پی وی سی اظہر علی شاہ نے کیمپس میں میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی فیکلٹی کے قیام کیلیے اعلیٰ حکام کو تحریری درخواستیں ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن نے متعلقہ عملداروں کو فیکلٹی کا پرپوزل تیار کرنے کے حکم جاری کردیا۔ سندھ یونیورسٹی کیمپس دادو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ نے کیمپس کی خالی پڑی 50 ایکڑ اراضی پر میڈیسن اینڈ ہیلتھ سائنسز کے قیام کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شائستہ سہیل سے 5 سو ملین روپے کی گرانٹ کے لیے تحریری درخواست کی ہے، جس پر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے اس درخواست کی توثیق کرتے ہوئے انجینئر وحید احمد منگی، انچارج ڈائریکٹر جنرل (پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ) ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کو فزیبلٹی رپورٹ اور گرانٹ پروپوزل کی تیاری کی ہدایت کردی ہے۔ ڈاکٹر اظہر علی شاہ نے ڈاکٹر شائستہ سہیل کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سندھ یونیورسٹی کیمپس دادو میں میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی فیکلٹی کے قیام سے دادو اور آس پاس کے شہروں میں طبی و صحت کی عالمی سطح پر تحقیقی اور معیاری تعلیم کا موقع فراہم ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اظہر شاہ نے کہا کہ فیکلٹی کے قیام سے سائنسدانوں، ڈاکٹروں کو ترقی ملے گی، اسی وجہ سے نئے قائم ہونے والے 100 بستروں کے اسپتال کے بہت امکانات ہوں گے، جو کیمپس کے آس پاس بھی ہے، منصوبہ مکمل ہونے سے دادو، جوہی، کے این شاہ، میہڑ، بھان سعید آباد، سہون، مورو اور دیگر شہروں کے طالبعلم جدید تعلیم حاصل کرسکیں گے۔