خلیج عمان میں اسرائیلی جہاز پر حملہ ، 2 افراد ہلاک

234
خلیج عمان میں نشانہ بننے والا اسرائیلی تیل بردار جہاز مرسر اسٹریٹ

مسقط (انٹرنیشنل ڈیسک) بحیرہ عرب میں عمان کے جزیرے کے قریب اسرائیلی ارب پتی تاجر کے آئل ٹینکر پر حملے میں عملے کے 2 ارکان ہلاک ہوگئے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق بحیرہ عرب میں عمان کے جزیرے مسیرہ کے نزدیک اسرائیلی تاجر کے آئل ٹینکر پر حملہ کیا گیا ہے۔ تیل بردار جہاز پر مغربی افریقی ملک لائبیریا کا پرچم لہرا رہا تھا۔ ادھر برطانوی فوج کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ عمان کے دارالحکومت سے 300 کلومیٹر کی دوری پر جزیرہ مسیرہ کے قریب جہاز پر حملہ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی تاجر کی برطانوی کمپنی زوڈیاک میری ٹائم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کا نشانہ بننے والا آئل ٹینکر ان کی کمپنی کا تیار کردہ ہے اور جاپان کے پاس جہاز کے مالکانہ حقوق ہیں۔ زوڈیاک میری ٹائم کے بیان کے مطابق حملہ بحری قزاقوں کی جانب سے کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق امریکی صدر کی ایران سے متعلق پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تناؤ سے خلیجی پانیوں پر آئل ٹینکروں پر حملوں کا آغاز ہوا تھا۔ حالیہ حملے میں بھی ایران کے ملوث ہونے کا شبہہ ہے اور اس پہلو سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کے روز برطانوی فوج نے ایک اور واقعے کی تفتیش کا بتایا تھا، تاہم اس کی تفصیلات جاری نہیں کئی گئیں۔ دوسری جانب امریکی بحریہ کے پانچویں فلیٹ اور عمانی حکام دونوں نے فوری طور پر ان مبینہ حملوں پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔