نو عمر لڑکے نے خود کشی کرلی ، دیگر واقعات میں 8 جاں بحق

235

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعے کو شہر میں ہونے والے مختلف حادثات وواقعات میں 72 سالہ خاتون اور12سالہ بچے سمیت 9افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاںبحق ہونے والوں میں متحدہ کا کارکن بھی شامل ہے ،تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ایل عرفات ٹاؤن میں رہائش پزیر72 سالہ خاتون بانو زوجہ اسماعیل نے فرحان نامی شخص کو گھر سے سامنے گاڑی پارک کرنے سے منع کیا، جس پر گاڑی کے مالک نے اپنے ساتھیوں سمیت خاتون کو زدوکوب کیا اسی دوران فرحان نے خاتون کو دھکا دے دیا۔رپورٹ کے مطابق دھکا لگنے سے خاتون موقع پر ہی بے ہوش ہوگئیں، واقعے کے بعد فرحان اپنے دوستوں کے ساتھ جائے حادثے سے فرار ہوگیا، اہل محلہ نے بانو خاتون کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا تو ڈاکٹرز نے طبی معائنہ کے بعد خاتون کی موت کی تصدیق کردی ۔قصبہ کالونی ڈھائی نمبرکے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے 46سالہ محمد زیب کو فائرنگ کرکے مار ڈالا۔گلشن اقبال بلاک 13Dمیں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے ایم کیو ایم گلشن اقبال ٹاؤن کی یوسی 22 کے کمیٹی ممبر 48سالہ شاہد جاوید ولد عبدالشکور پر فائرنگ کر کے قتل کردیااور فرار ہوگئے مقتول متحدہ کا کارکن اور اسٹیٹ ایجنٹ تھا۔بلدیہ ٹائون کے علاقے سیکٹر سی نائن میں گھرمیں پانچویں جماعت کے طالب علم 12سالہ سلیمان ولد لیاقت نے مبینہ طور پر والد ہ کی ڈانٹنے پرخودکشی کرلی۔ سپر ہائی وے چاکر ہوٹل جنجال گوٹھ کے قریب 52 سالہ ہاشم کو اس کے ساتھ کوارٹر میں رہنے والے 16 سالہ محمد شاہ نے تیز دھار آلے کے وار سے قتل کردیا۔سچل تھانے کی حدود شیر محمد گوٹھ اسکیم 33میں پانی کے گڑھے میں ڈوب کر 50سالہ شخص ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔اورنگی ٹاؤن رئیس امروہی کے قریب ٹریفک حادثے میں 45سالہ ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔سپرہائی وے براق پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں8سالہ عبدالرحمان ولد نیا ز گل جاں بحق ہوگیا 10سالہ عقیل ولد نیاز گل زخمی ہوا ۔پرانا گولیمار بے نظیر پارک کے قریب سے 65سالہ شخص جمعہ خان ولد شمس الدین کی لاش ملی ۔