ترکی کے جنگلات میں آتشزدگی ،3 افراد جاں بحق سینکڑوں زخمی

170

جنوبی ترکی کے بحیرہ روم کے ساحلی شہر انتالیہ میں بڑے پیمانے پر جنگل میں آگ لگنے سے تین افراد جاں بحق  اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں تاحال جنگل کی آگ پر قابو پایا نہیں جاسکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے جنگل میں آگ لگنے سے کئی مکانات مکمل طور پر جل کر خاک ہو گئے،آگ سے درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں امدادی ٹیموں نے فوری طبی امداد کیلیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

ترک وزیر جنگلات کا کہنا  ہے  کہ آگ زدہ علاقوں  میں کئی عمارتوں  کو خالی کروایا   جا چکا ہے جس میں سیاحتی شہر  بودروم کے ہوٹل بھی شامل ہیں ،  جنگل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 150 گائیں  اور ہزاروں بھیڑ ، بکریاں جلس گئیں ہیں۔

دوسری جانب آگ لگنے کے بعد ترکیوں سے اظہار ہمدردی کیلیے ٹوئٹر پر پرے فور ترکی کے نام سے  ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ، جہاں صارفین نے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے اور ترکیوں کے لیے دعائیں مانگیں ہیں۔

خیال رہے کہ جنوبی ترکی کے جنگل میں 2دن پہلے آگ لگی تھی جس پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ، ترک حکومت ہیلی کاپٹر اور دیگر چیزوں کے ذریعے آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔