امریکی فوج کی مدد کرنے والے افغانی طالبان سے خوفزدہ، امریکا منتقل ہونا شروع

573

افغانستان میں امریکیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے والے افغان ترجمانوں اور دیگر معاون شہریوں کو وہاں سے نکالنے والی پہلی پرواز امریکہ کے واشنگٹن ڈولس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتر چکی ہے۔

امریکہ میں ایسوسی ایٹڈ پریس نیوز ایجنسی نے بتایا کہ جمعہ کی صبح سویرے واشنگٹن ڈولس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ہوائی جہاز 221 افغانوں کو لے کر لینڈ کرچکا ہے جس میں 57 بچے اور 15 نومولد بھی شامل ہیں۔

امریکی حکام اور شہریوں کے ساتھ کام کرنے والے ​​افغانی مترجمین اور دیگر افراد کی امریکہ منتقلی کا مقصد ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے کیونکہ ان افراد سے متعلق خدشہ ہے کہ طالبان امریکی حکام کے ساتھ کام کرنے پر ان کیخلاف انتقامی کارروائی کرسکتے ہیں۔

امریکا آنے والے ترجمان اور دیگر افغانیوں کے ہمراہ اُن کے اہلخانہ بھی ہیں جنہیں کچھ عرصہ تک ورجینیا کے فورٹ لی میں رہائش دی جائے گی۔