عید پر پولیس و بلدیہ نے قابل تعریف اقدامات کیے،کاشف شیخ

134

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)آباد کے وائس چیئرمین محمد کاشف شیخ نے عید الاضحی کے ایام میں صحت و صفائی کے بہتر انتظامات اور سیکورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی کے ایام میں بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں صحت و صفائی کے بہتر انتظامات کیے گئے تھے جبکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بھی بروقت اُٹھائی گئیں جس سے صورتحال خراب نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے پر وہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ، میونسپل کمشنر حیدرآباد اور ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں بھی پولیس کی جانب سے شہریوں کے تحفظ کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کے جوانوں نے اپنی چھٹیاں قربان کرکے شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے انجام دیں جس سے شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونمانہیں ہوا، انہوں نے امید ظاہر کی بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد شہر کی صفائی ستھرائی کے لیے آئندہ بھی اسی طرح اقدامات کرے گا جبکہ پولیس بھی اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے کر شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرے گی۔