پاک چین شراکت داری علاقائی امن کیلیے انتہائی اہم ہے‘ آرمی چیف

160

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی شراکت داری علاقائی امن واستحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات جی ایچ کیو میں پیپلز لبریشن آرمی کے 94ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس اہم تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں چینی سفیر، دفاعی اتاشی، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے بھی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دفاع، سیکورٹی اور دیگر معاملات میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی قیادت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر چیلنج کے دوران پاک چین تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔ ماضی اور حال میں درپیش ہر چیلنج میں ہم نے ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔ اس موقع پر چین کے دفاعی اتاشی نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست، اسٹریٹیجک پارٹر اور بھائی ہیں۔ دنیا بدل سکتی ہے لیکن ہم ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے دفاعی اتاسی نے یوم تاسیس پر استقبالیہ دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کے بیان کو بھی دہرایا۔ چین کے صدر نے پاکستان کی مسلح افواج کو پاک چین اسٹرٹیجک تعلقات کا اہم ستون قرار دیا تھا۔