پنگریو، مین لائن ٹوٹنے سے شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی بند

117

پنگریو (نمائندہ جسارت) پنگریو کی اولڈ واٹر سپلائی اسکیم کی مین پائپ لائن ٹوٹنے کے باعث شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی گزشتہ پانچ روزسے بند ہے، جس کی وجہ سے شہر میں پینے کے پانی کا سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے، پانچ روز سے پانی کی فراہمی بند ہونے کے باوجود محکمہ پبلک ہیلتھ اور ٹائون کمیٹی پنگریو کی جانب سے پائپ لائن کی مرمت کرانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، ہزاروں کی آبادی کو پانی کی فراہمی بند ہونے اور متعلقہ محکموں کی نااہلی کیخلاف شہریوں میں ان محکموں کیخلاف غم وغصہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے شہریوں نے میڈیا کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ پنگریوکی اولڈ واٹرسپلائی اسکیم میں اکثر خرابیاں پیداہوتی رہتی ہیں، کبھی موٹریں خراب ہوجاتی ہیں توکبھی پائپ لائنیں ٹوٹ جاتی ہیں، جس کی وجہ سے کئی روزتک پانی کی فراہمی بندرہتی ہے اور ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر متعلقہ محکمے بے حسی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی کے لیے کوشش ہی نہیں کی جاتی۔ شہریوں کے مطابق واٹر سپلائی اسکیم سے پانی کی فراہمی بند ہونے پر شہری بھاری نرخوں پر پانی خریدنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، چیف سیکرٹری اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ پنگریو کی اولڈ واٹر سپلائی اسکیم کی فوری مرمت اوربحالی کے اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر شٹرڈائون ہڑتال کی جائے گی۔