ٹنڈوالہٰیار، حکومتی احکامات حکومتی ممبر نے ہوا میں اڑا دیے

121

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) حکومتی احکامات حکومتی ممبر نے ہوا میں اڑا دیے، غر یب عوام کے لیے کورونا وائرس کی پابندیاں لگائی جاتی ہیں اور قانون بنانے والے ہی خود قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، پی ایس 61 کے ایم پی اے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے رکن امداد پتافی نے اپنی ہی گورنمنٹ کی جاری کردہ ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور کورونا وائرس کو مانیٹرنگ کرنے والے کہاں ہیں، بزرگ ہستی سخی سلطان کے سالانہ عرس کے موقع پر پروگرام میں ایم پی اے رئیس امداد خان پتافی کی ملنے والی تصویروں میں ایس او پیز کو دیکھا جاسکتا ہے کہ سخی سلطان شاہ بخاری کے 26 ویں عرس پر کسی ایک بندے نے ماسک نہیں پہنا ہوا نہ سماجی فاصلے پر کوئی عملدر آمد نظر آرہا ہے۔ حکومت سندھ نے پورے سندھ میں تمام درگاہوں کو بند کرنے اور بازاروں میں کاروبار کے اوقات کار کے ساتھ ساتھ ایس او پیز کا خاص انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کیے ہوئے ہیں لیکن اگر ہمارے منتخب نمائندے اور قانون بنانے والے ہی قانون کی خلاف ورزی کریں گے تو غریب اور سادہ لوگوں کو قانون پر کس طرح عملدرآمد کرایا جاسکتا ہے۔ عوام نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کیا کورونا وائرس کے لیے لاگو کی جانے والی پابندیاں صرف غریب عوام کے لیے ہیں، سندھ گورنمنٹ کا قانون صرف غریب لوگوں پر ہی کیوں لاگو ہوتا ہے۔