واقعہ کربلا صبر و تحمل اور قربانی کی لازوال مثال ہے، منور علی

226

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کی جانب سے جاری ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے، ڈپٹی کمشنر کشمور ایٹ کندھکوٹ منور علی مٹھیانی۔ واقعہ کربلا صبر و تحمل اور قربانی کی لازوال مثال ہے، جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں، ڈی سی کشمور۔ مجلس و ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں میں روشنی اور صفائی کا بہترین انتظام کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر کی میونسپل اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت۔ ڈپٹی کمشنر منورعلی مٹیانی کی سربراہی میں محرم الحرام کے انتظامات کی تیاری کی مناسبت سے اجلاس بلایا گیا جس میں سندھ رینجرز کے کرنل رائو جاوید، اے ایس پی کشمور، متعلقہ افسران اور تمام مکاتب فکر کے علماء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف مکاتب فکر کے علماء سے محرم الحرام کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل سنے اور جلد حل کرنے کا یقین دلایا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ محرم الحرام عظمت اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ واقعہ کربلا صبر و تحمل اور قربانی کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں۔ واقعہ کربلا کے پیغام پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی اور آخرت کامیاب کرسکتے ہیں۔ سیکورٹی حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں سخت سیکورٹی پلان تشکیل دیے گئے ہیں، بارڈر ایریا پر پولیس اور رینجرز کی جانب سے گشت کو بڑھایا جائے گا، سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ ضلع کشمور فرقہ واریت سے پاک ضلع ہے، ان خاص ایام میں ہمیں منظم اور متحرک رہنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی ملک دشمن قوت اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہ ہوسکے۔