جوہری مذاکرات غیرمعینہ مدت تک جاری نہیں رہ سکتے‘ امریکا

490
کویت: امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن پارلیمان کا دورہ کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر امیر نواف الصباح سے ملاقات کی ہے

کویت سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات غیرمعیّنہ مدت تک جاری نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کویت کے دورے کے موقع پر کہا کہ ہم سفارت کاری کے لیے پْرعزم ہیں ، لیکن ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا کرنے پر آمادہ ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بلنکن نے کویت کے دورے کے موقع پر امریکی سفارت کاروں سے ملاقات کے بعد کویتی امیر شیخ نواف الاحمد الصباح سے ملاقات کی۔ اس دوران عسکری تعاون بڑھانے، علاقائی سلامتی کی صورت حال اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ کویت میں ایک امریکی فوجی اڈا بھی ہے، جس میں ساڑھے 13ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔واضح رہے کہ ایران عالمی طاقتوں کے درمیان اپریل سے ویانا میں سمجھوتے کی بحالی سے متعلق مذاکرات کے 6ادوار ہوچکے ہیں،جن میں فریقین کسی نکتے پر اتفاق کرنے میں ناکام رہے۔ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2018ء میں ایران سے طے شدہ جوہری سمجھوتے سے یک طرفہ علاحدگی کااعلان کردیا تھا اور اس کے بعد نومبر میں سخت اقتصادی پابندیاں عائد کردی تھیں۔ پابندیوں کے باعث ایرانی معیشت بحران کا شکار ہوگئی۔ نئی انتظامیہ ایران کے ساتھ اب ایک جامع سمجھوتے پر زوردے رہی ہے ، جس کے تحت تہران کے جوہری پروگرام کے علاوہ بیلسٹک میزائلوں کے پروگرام کی سرگرمیوں پر بھی قدغنیں عائد کی جائیں گی۔