قتل اور دیگر واقعات میں 8 افراد جاں بحق، 6 زخمی

114

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر میں حادثات و واقعات کے دوران 8افراد جاں بحق ہوگئے، دیگر واقعات میں 6افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7C عبداللہ آباد ٹنکی اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 40سالہ محمد ندیم شاہ ولد بادان شاہ کو قتل کر دیا ،پولیس کے مطا بق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ۔قصبہ کالونی ڈھائی نمبر پر فائرنگ کرکے 46سالہ محمد زیب ولد شمشاد کو قتل کردیا گیا جبکہ سپرہائی وے جنجال گوٹھ میں چھریوں کے وار سے 50 سالہ محمد ہاشم ولد کرم خان ہلاک ہوگیا۔ شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر فلیٹ نمبر بی 10پاک ایونیو سے 50 سالہ سید دلشاد علی ولد شمشیر علی کی 5 روز پرانی مسخ شدہ لاش ملی۔پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا ۔ ماڑی پور کے علاقے گلبائی پل پر ٹریفک حادثے میں 17سالہ نامعلوم نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 5خیابان شہبازسگنل کے قریب ٹریفک حادثے میں 30سالہ محمد حسن ولد امیر علی جاں بحق ہوگیا ۔سچل تھانے کی حدود سہر اب گوٹھ ندی سے ایک 55سالہ شخص کی لاش ملی ، پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہد اسپتال منتقل کر دیاگیا ۔ نیپیئر تھانے کی حدود مارکیٹ بس اسٹاپ کے قریب سے 60سالہ شخص کی لاش ملی ۔ دوسری جانب ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی محمدی کالونی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 35سالہ وارث خان زخمی ہوگیا ۔ ڈیفنس تھانے کی حدود کورنگی قیوم آباد سرسید اسپتال کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 60سالہ محمد امیر حسین زخمی ہوگیا ، کورنگی سنگر چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 35سالہ فرقان زخمی ہوگیا ۔جہانگیرروڈ پر دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 20سالہ ولید زخمی ہوگیا ۔ ملیر رفاہ عام سوسائٹی کے قریب جھگڑے میں فائرنگ سے 25سالہ ذیشان زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے ملزم کامران کو گرفتار کر کے پستول برآمد کر لیا ۔ابوالحسن اصفہانی روڈ پردوران ڈکیتی مزاحمت پر فائر نگ سے 28سالہ وقار زخمی ہوگیا ۔