عرب پارلیمانی وفد یکم اگست سے پاکستان کا دورہ کرےگا

314

اسلام آباد (صباح نیوز) عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمن العسومی کی قیادت میں 11رکنی وفد پاکستان کا 5روزہ دورہ کرے گا۔ وفد یکم اگست کو پاکستان پہنچے گا، اپنے اس دورے کے دوران عرب پارلیمنٹ کے وفد کی صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، وزیر خارجہ محمود قریشی اور دیگر اعلی سطح قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دورے کی دعوت دی تھی انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عرب پارلیمنٹ ایک انتہائی اہم فورم ہے اور پاکستان عرب پارلیمنٹ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ کے صدر اور ان کے وفد کے دورے سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے راہیں ہموار ہوںگی ۔