میرپور خاص ،پولیس موٹرسائیکل چوروں کو لگام دیے مٰیں ناکام

269

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص پولیس موٹر سائیکل چوروں کو لگام دینے میں ناکام، صحافیوں اور شہریوں کی ایک درجن سے زائد موٹر سائیکلیں ایک ماہ کے دوران چوری کرلی گئیں، پولیس ایک بھی موٹر سائیکل برآمد کرنے میں ناکام، چند پڑیاں سفینہ گٹکا برآمد کر کے پریس ریلیز جاری کرنا پولیس کا معمول بن چکا ہے۔ میرپورخاص میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران درجن سے زائد موٹر سائیکلیں چوری یا چھین لی گئی ہیں، میرپورخاص پریس کلب کے خزانچی عزیز خان کے بھانجے اعظم خان سے اولڈ میرپور تھانے کی حدود سیم نالے پر مسلح افراد نے ایک ماہ قبل موٹر سائیکل چھین لی تھی۔ پریس کلب کے جنرل سیکرٹر ی شوکت علی پنہور کے بھائی ذوالفقار پنہور سے غریب آباد تھانے کی حدود تقی شاہ سے موٹر سائیکل چھین لی گئی۔ پریس کلب کے ہی گورننگ باڈی کے ممبر اسلم بلوچ کی موٹر سائیکل گھر کے باہر سے چوری کرلی گء،ی اسی طرح ایک شہری عاقب کی 125 ہنڈا موٹر سائیکل جو کہ اسے چند روز قبل ہی شادی میں تحفے ملی تھی غریب آباد تھانے کی حدود غریب آباد مین روڈ سے نامعلوم چور لے کر فرار ہوگئے، گلستان بلدیہ کے باہر سے ڈی آئی جی کا پٹے والا وسیم کی موٹر سائیکل بھی نامعلوم چور چوری کر کے لے گئے جبکہ سیٹلائٹ ٹائون تھانے کی حدود سومرا پاڑہ سے زین راجپوت نامی شہری کی گھر کے باہر سے موٹر سائیکل چور لے اُڑے، اسی طرح سیٹلائٹ ٹائون تھانہ، مہران تھانہ اور محمود آباد تھانے سے بھی کئی شہری اپنی موٹر سائیکلوں سے محروم کردیے گئے مگر پولیس اب تک کسی بھی موٹر سائیکل چور کو پکڑنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سفینا گٹکا کے چند پیکٹ پکڑنے کی پریس ریلیز جاری کردی جاتی ہے، شہریوں کو لوٹنے والے کسی گروہ کو اب تک پکڑے جانے کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافے سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی و ایس ایس پی سے مطالبہ کیا کہ موٹر سائیکل چوروں کو گرفتار کر کے موٹر سائیکلیں برآمد اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔