کھلاڑی جشن آزادی قومی جوش و جذبے سے منائینگے ،عدنان ارشد ادلکھ

459

لاہور (جسارت نیوز)ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ جشن آزادی بھرپور انداز سے منایا جائے گا، ماہ اگست میں جشن آزادی کے حوالے سے اسپورٹس کے بھرپور ایونٹس کرائیں گے، اسپورٹس ایونٹس 4سے 30اگست تک ہوں گے جس میں19 کھیلوں کے مردوخواتین کھلاڑیوں کے مقابلے کرائے جائیں گے،14اگست کو خصوصی تقریب ہوگی جس میں کھلاڑی شرکت کریں گے، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جشن آزادی کے حوالے سے اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر اسپورٹس محمد حفیظ بھٹی ،ڈپٹی ڈائریکٹر چاند پروین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رئیس الرحمن ،اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندے سلمان اقبال بٹ، انیس الرحمن، مودود جعفری، ایم بی جاوید، طیب سہیل ، محمد غفار،محمدعرفان ودیگر بھی شریک تھے، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کوشایان شان طریقے سے مناتی ہیں اسی لیے اسپورٹس بورڈ پنجاب نے جشن آزادی کے موقع پر اگست کے پورے مہینے میں بھرپور اسپورٹس ایونٹس کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس خوشی کے موقع پر کھلاڑی قومی جوش و جذبے سے مقابلوں میں حصہ لیں گے، انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کے فروغ اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اہم اقدامات کررہے ہیں،اسپورٹس انڈوومنٹ قائم کررہے ہیں، کھلاڑیوں کو وظائف بھی دیں گے، ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لینے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب کو سہولیات فراہم کیں،دنیا کی دوسری بڑی چوٹی K-2سر کرنیوالے کوہ پیما شہروز کاشف کو نوجوانوں کا خیرسگالی سفیر مقرر کیا ہے، ٹوکیواولمپکس میں حصہ لینے والے اتھلیٹ ارشدندیم کو تیاری کیلئے بہترین سہولیات فراہم کیں،اولمپکس میں ارشد ندیم کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ اسپورٹس انفراسٹرکچر وسیع کیا جارہا ہے،ا سکواش کمپلیکس مدت سے بند پڑا تھا اس کا کام شروع کرادیا ہے ،رکھ چھبیل میں 500کنال اراضی ہے جہاں اسپورٹس ویلیج بنارہے ہیں،ہاکی کا ہائی پرفارمنس سنٹر بھی رکھ چھبیل میں بنانے جارہے ہیں، آرچری کے کھیل کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔