ٹوکیو اولمپک، روئنگ میں آسٹریلیا ، رومانیہ، فرانس، ہالینڈ اور چین کی فتح

425

ٹوکیو(جسارت نیوز)اولمپک گیمز، روئنگ مقابلوں میں آسٹریلیا نے دو، رومانیہ، فرانس، ہالینڈ اور چین نے ایک، ایک گولڈ میڈل جیت لیا۔جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں اولمپکس کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ گزشتہ روز روئنگ ایونٹ کے مینز فور فائنل میں آسٹریلیا نے گولڈ میڈل جیت لیا، آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ فاصلہ5منٹ اور 42.76 سیکنڈز میں طے کیا۔ رومانیہ نے چاندی اور اٹلی نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ویمنز فور فائنل میں بھی آسٹریلوی ٹیم طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی، ہالینڈ نے سلور اور آئرلینڈ نے برانز میڈل حاصل کیا۔ مینز ڈبلز سکلز کے فائنل میں فرانس نے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ ہالینڈ نے چاندی اور چین نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ ویمنز ڈبلز سکلز کے فائنل میں رومانیہ نے طلائی تمغہ حاصل کیا، نیوزی لینڈ نے سلور اور ہالینڈ نے برانز میڈل جیت لیا۔