جوبلی مارکیٹ مسمار کرنیکی کارروائی ،علاقہ میدان جنگ بن گیا

154

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوبلی مارکیٹ کو مسمار کرنے کی کارروائی کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا، تاجر کے ایم سی کے بلڈوزرز کے سامنے لیٹ گئے ،پولیس نے تاجروں پر بدتریں لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس بھی استعمال کی گئی پورے علاقے مین پتھرائو اورپولیس کی شیلنگ سے خوف ہراس پھیل گیا تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں برساتی و سیوریج نالوں کی بحالی مہم کے دوران کراچی کی قدیم جوبلی مارکیٹ میں نالے پر قائم دکانیں مسمار کرنے کیلئے بدھ کوانسداد تجاوزات ٹیم نے کارروائی شروع کردی، علاقہ اسسٹنٹ کمشنر، پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجودتھی اورجوبلی مارکیٹ کے دکانداروں کی جانب سے مزاحمت کو روکنے کے لیے سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے نالے پر قائم جوبلی کلاتھ مارکیٹ کی مجموعی طور پر 164 کے قریب دکانیں مسمار کی جائیں گی جبکہ جوبلی مارکیٹ کی 32 دکانوں کو پہلے ہی مسمار کیا جاچکا ہے۔جوبلی مارکیٹ کی دکانوں کو مسمار کرنے کے خلاف دکاندار سراپہ احتجاج بن گئے اورجوبلی مارکیٹ کے دکاندار ہیوی مشینری کے سامنے بیٹھ گئے ،دکانداروں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کرڈالا،متعدد دکاندار حراست میں لے لئے گئے۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ہمیں متبادل فراہم کیا جائے،دکانوں کے گرنے سے ہزاروں خاندان متاثر ہونگے، دکانوں کو گرانے سے روکنے کے لیے جان بھی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ روزقبل جوبلی مارکیٹ کی دکانوں کا فرش نالے میں دھنس گیا تھا۔