عمران خان کیخلاف تقریر کرلو تو نیب نوٹس بھیج دیتا ہے،بلاول

193

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے آزاد کشمیر میں پی پی رہنما چودھری یاسین اور ان کے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سے کشمیر میں پیپلزپارٹی کی جیت ہضم نہیں ہوئی اور انہوں نے امورِ کشمیر میں غیرآئینی مداخلت کرکے جیالے امیدوار سے سیاسی انتقام لینا شروع کردیا ہے۔ اگر میرے کارکنوں کے خلاف سیاسی انتقام کا سلسلہ بند نہ ہوا تو میں آزاد کشمیر میں خود احتجاج کی سربراہی کروں گا۔اپنے بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ قاتلانہ حملہ چودھری یاسین پر ہوا اور پولیس نے حملہ آوروں پر مقدمہ درج کرنے کے بجائے الٹا چودھری یاسین کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی،کوٹلی سے میرے نامزد امیدوار چودھری یاسین نے اپنے خلاف ہوئے قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی مگر پولیس نے درج نہیں کی۔عمران خان نے تحصیل چڑھوئی میں2 افراد کے قتل کے افسوس ناک واقعے میں براہ راست جج بن کر پی پی پی امیدوار کو مجرم ٹھیرادیاہے۔یہ کیسی مدینے کی ریاست ہے کہ عمران خان کے خلاف تقریر کرلو تو نیب نوٹس بھیج دیتا ہے، سیٹ جیت لو تو قتل کا مجرم بنادیا جاتا ہے۔انصاف کا تقاضا تو یہ تھا کہ 2 افراد کے قتل کے افسوس ناک واقعے میں چودھری یاسین کے مطالبے پر ہونے والی جوڈیشل انکوائری کے نتائج کا انتظار کیا جاتا۔بلاول زرداری نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں عمران خان کے چودھری یاسین کے خلاف سیاسی انتقام کی وجہ سے پیدا ہونے والی بے چینی کے اثرات دور رس ہوں گے۔2 نشستوں سے کامیاب ہونے والے چودھری یاسین سے عمران خان کا سیاسی انتقام چھوڑی جانے والی ایک نشست کو ہتھیانے کے لیے بھی ہے۔عمران خان کے ایما پرچودھری یاسین کے گھر کے محاصرے سے لے کر چادر اور چار دیواری تک کا تقدس پامال کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ اگر میرے کارکنوں کے خلاف سیاسی انتقام کا سلسلہ بند نہ ہوا تو میں آزاد کشمیر میں خود احتجاج کی سربراہی کروں گا۔