عباسی اسپتال ،سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل کووڈ19 ویجی لینس کمیٹی قائم

155

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے عباسی شہید اسپتال میں 5 سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل کووڈ19 ویجی لینس کمیٹی قائم کردی ہے جس کے اراکین میں پرنسپل کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ڈاکٹر آفتاب امتیاز، کنوینر ایگزیکٹو کمیٹی کے ایم ڈی سی ڈاکٹر فرحت جعفری اور دیگر شامل ہیں جبکہ کووڈ وارڈ کے چوتھے فلور پر 16 بیڈز کا مزید اضافہ کیا جا رہا ہے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی صدارت میں بدھ کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا ،اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے لئیق احمد کا کہنا تھا کہ عباسی شہید اسپتال میں قائم کووڈ ایمرجنسی وارڈ کے متعلق تمام حتمی فیصلے اس ویجی لینس کمیٹی کی ذمے داری ہوگی اور کوئی بھی اس کمیٹی کے فیصلوں کو چیلنج نہیں کرسکے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 38 مریض کووڈ19 وارڈ میں زیر علاج ہیں اور کراچی کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر مسلسل مریضوں کی اسپتال آمد جاری ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ کووڈ وارڈ کے چوتھے فلور پر 16 بیڈز کا مزید اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے لیے وینٹی لیٹرز کا انتظام کرلیا گیا ہے تاکہ مزید مریضوں کے لیے گنجائش مہیا کی جائے۔ انہوں نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سماجی میل جول میں احتیاط کریں اور ماسک کا استعمال کریں۔