کورنگی،جے ایریا میں سیوریج نظام کی درستی کامطالبہ

146

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کے سابق یوسی ناظم اور پبلک ایڈ کمیٹی یوسی سوک سینٹر کے صدر محمد قاسم خان نے کورنگی جے ایریا بس اسٹاپ الہانی ہوٹل کے ساتھ مرکزی سڑک پر سیویج کا پانی جمع ہونے اور اس کے نتیجے میں علاقے کی عوام بالخصوص خواتین اور اسکول کے بچوں کو ہونے والی پریشانی اور مشکلات پر سخت افسوس اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ واٹر بورڈ کے اہلکاروں نے اپنی نااہلی سے علاقے کی عوام کو پریشان کیا ہوا ہے۔جے ایریا سے کے ایریا مارکیٹ کے جانے والے واحد راستے پر اب تک بارش کا پانی چار چار فٹ اونچا جمع ہے اور کوئی موٹر سائیکل بھی وہاں سے نہیں گزر سکتی۔کے ایریا مارکیٹ جانے والے افراد کھڈی اسٹاپ کا راستہ اختیار کرتے ہیں انھوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے پمپ لگا کر بارش کا پانی صاف کریں اور یہی صورتحال میمن انسٹیٹیوٹ آئی ایریا کے روڈ کی ہے جس وجہ سے شیرا آباد اور شمالی آئی ایریا کے رہائشی مشکلات کا شکار ہیں اور ان کی کوئی شنوائی نہیں ہے۔انھوں نے نئے ڈپٹی کمشنر کورنگی اور مینونسپل کمشنر کورنگی سے اپیل کی ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر جے ایریا اور آئی ایریا کے مرکزی راستوں سے بارش کا پانی صاف کروائیں۔