ایم پی اے نذیر چوہان جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

401

لاہور: مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے ساتھ تنازعے میں گرفتار پاکستان تحریکِ انصاف ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کو لاہور کی عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا جبکہ گرفتار ایم پی اے کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو لاہور میں نذیر چوہان کو ضلع کچہری میں مجسٹریٹ کے روبرو پیش کر دیا گیا،   فریقین کا موقف سننے کے بعد  مجسٹریٹ نے نذیر چوہان کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ہے۔

دوسری جانب عدالت نے ایف آئی اے کو نذیر چوہان کو تفتیش کے بعد ہفتہ کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے جبکہ گرفتار ایم پی اے کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور یہ مقدمہ تھانہ گرین ٹاؤن میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں کارِ سرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے دن نذیر چوہان اپنے کو آرڈینیٹر اور 25 نامعلوم افراد کے ساتھ پولنگ اسٹیشن آئے اور پولیس کے روکنے پر نذیر چوہان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

 واضح رہے کہ پی ٹی آئی جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے نذیر چوہان کو وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے میں ایف آئی اے سائبر کرائم نے گرفتار کیا ہے۔