اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے ڈوب گئے

367

راولپنڈی: اسلام آباد اور راولپنڈی  میں گزشتہ رات سے مسلسل بارش اور بادل کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے گھروں میں پانی کے داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک بچہ اور ماں جاں بحق ہوگئیں ہیں جبکہ فوج کے دستے بچاؤ اور امدادی کاموں کے لیے طلب کرلیے گیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔

اسلام آباد کی شاہراہ، اسلام آباد پوائنٹ، شکر پڑیاں، پشاور موڑ، نائنتھ ایونیو، ایمبیسی روڈ سمیت کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے ، ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جبکہ سری نگر ہائی وے پر پشاور موڑ فلائی اور کے نیچے کار بارش کے پانی میں ڈوب گئی ہیں، تاہم ریسکیو اہل کاروں نے دھکا لگا کر گاڑیوں کو نکالا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ شہری اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پشاور موڑ انٹر چینج کا استعمال نہ کریں اور گاڑیوں کا رخ نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیں۔

اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد سیکٹر ای الیون میں بارش کے پانی میں گاڑیوں کے بہنے کی فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے مختلف مقامات کی فوٹیجز اپنے اکاونٹس سے شئیر کیں۔

دوسری جانب سیکٹر ای 11 ٹو میں بچے اور والدہ کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا  ہے جبکہ اہلِ خانہ کے مطابق نالے کا پانی صبح گھر میں داخل ہونے سے 4 بچے اور ماں ڈوب گئےتھے لیکن انتظامیہ کی بروقت کاروائی  نے 3 بچوں کو بچا لیا، ایک بچہ اور ماں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کی ہدایت کرتے ہوئے کہا نکاسی آب کےلیےہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں اور نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، نکاسی آب کے کاموں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کی نگرانی کریں۔

یاد رہے وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے، کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال کے باعث گاڑیاں سڑکوں پر تیرنے لگیں ہیں جبکہ نالہ لئی میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا اور کہا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔