حیسکو کا نااہل عملہ قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث ہے، صاحبزادہ ابوالخیر

117

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماءپاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے سانحہ اکبرمسجد لطیف آبادنمبر8 میں ٹرانسفامر پھٹنے سے 10افراد کی شہادت اور 6افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو کی ناقص کارکردگی اور عملے کی متواتر غفلت اور لاپرواہی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع معمول بن گیا ہے اس سے قبل اسلام آباد کے علاقے میں بھی ٹرانسفامر پھٹنے کے نتیجے میں 3 افرادموت کی آغوش میں جا چکے ہیں اور کئی زخمی بستر مرگ پر پڑے ہیں اس وقت ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا جاتا تو لطیف آباد کا سانحہ رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں ٹرانسفامر کا خراب ہونا،بجلی کاغائب رہناشکایت کے باوجودکئی کئی دنوں تک محلے والے چندہ جمع کر کے حیسکو کے عملہ کی جب تک جیبیں نہ بھریں ٹرانسفامر کی مرمت نہیں ہوتی۔ خدارا حیسکو عملہ اور برسر اقتدار حکمراں طبقہ عوام پررحم کھائیں اور ان پر ظلم کر کے اپنی قبروں میں انگارے نہ بھریں۔