ڈاکٹر سیف الرحمن کی ٹرانسفارمر دھماکے کے شہداءکے لواحقین سے تعزیت

128

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاونڈیشن ضلع حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر سیف الرحمن ، نائب صدور محمد علی چوہان، اصغر علی خان یوسف زئی ، جنرل سیکریٹری نعیم عباسی اور سلیم خان نے لطیف آبا د نمبر8 اکبری مسجد کے قریب ٹرانسفارمر پھٹنے کے نتیجے میں 10 افراد کی شہادت کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیااور دعا کی کہ اللہ
تعالیٰ شہداءکو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔الخدمت فاﺅنڈیشن کے رہنماﺅں نے اس ہولناک سانحہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو حکام نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، آئے روز ٹرانسفارمر پھٹنے اور تاریں ٹوٹنے کے واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع معمول بن گیا ہے۔ الخدمت فاﺅنڈیشن کے رہنماﺅں نے چیف جسٹس پاکستان سے پرزور اپیل کی ہے کہ قیمتی جانوں کے ضیاع کا ازخود نوٹس لیں اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی جائے جو حیسکو اور واپڈا میں کرپشن و لاقانونیت اور میرٹ کی پامالی کی تحقیقات کرکے ذمے داروں کا تعین کرے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر انہیں قرارواقعی سزا دی جائے۔