سی ٹی ڈی کیلیے 2 ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان

192

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے لیے 2 ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی نے صوبہ بھر میں دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں۔ سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا اور ملزمان
کو قانون کی گرفت میں لایاگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے سی ٹی ڈی کے لیے نئی پوسٹوں پر بھرتی ، سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کے لیے اراضی فوری طور پر فراہم کرنے اور مزید 10 اضلاع میں سی ٹی ڈی کے دفاترکی تعمیر کے لیے اراضی دینے کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور سی ٹی ڈی ہیلپ لائن کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اورصلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھااورسی ٹی ڈی کی جدید انداز میں مہارت اورصلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے فائرنگ رینج میں خود بھی فائرنگ پریکٹس کی۔