ایل این جی ریفرنس‘شاہدخاقان کیخلاف ایک گواہ پر جرح مکمل‘دوسرے کا بیان قلمبند

97

اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں ایک گواہ پر جرح مکمل جبکہ دوسرے کا بیان قلمبند کرلیاگیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر عثمان مسعودوکلا صفائی بیرسٹرظفر اللہ، بیرسٹر قاسم عباسی، ڈاکٹر یاسر، عمران شفیق، فوزی ظفراور نیب گواہ فصیح الدین فواد اوررضوان مہدی عدالت میںپیش ہوئے۔ عدالت نے گواہ رضوان مہدی کا بیان قلمبند کیااور گواہ کی طرف سے پیش کردہ دستاویزات کو ریکارڈ کاحصہ بنایا۔عدالت نے گواہ کو جرح کے لیے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اگلے گواہ فرحان عمر کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کرلیا اور سماعت17 اگست تک کے لیے ملتوی کردی۔