وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے

269

کوئٹہ( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما سردارزادہ میرسمیع اللہ لانگو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے پاکستان تحریک انصاف نے عوام سے انتخابات کے دوران جو وعدے کئے تھے انشاء اللہ اسے پورا کریں گے ، مذہب اور قوم پرست جماعتوں سے مایوس ہوکر عوام پی ٹی آئی میں شمولیت کررہے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔ یہ بات انہوں نے حاجی پیر جان ساسولی ،کامریڈ نجیب لانگو،میر مولا بخش ساسولی ،حاجی مراد بخش ساسولی ،نجیب ساسولی ،عصمت اللہ ساسولی، نثار احمد ساسولی، شیر احمد ساسولی، ماما خان جان ساسولی، حبیب ساسولی عبدالکریم ساسولی، امام بخش ساسولی ،نور خان ساسولی اوردیگر کی جمعیت علماء اسلام سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ حاجی پیر جان ساسولی ،کامریڈ نجیب لانگو،میر مولا بخش ساسولی نے سردارزادہ میر سمیع اللہ لانگو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے طویل عرصہ جمعیت علماء اسلا م میں گزارا مگر ہمیشہ ہم سے جھوٹ بولا گیا اورمذہب کے نام پر ہم سے ووٹ لئے گئے لیکن اب ہم نے مایوس ہوکر مرحوم سردار رحیم داد خان لانگو کے فرزند سردارزادہ میر سمیع اللہ لانگوکی قیادت پر اعتماد کا اظہا رکرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے سردارزادہ سمیع اللہ لانگو اپنے والد کی طرح مظلوم اور مصیبت زدہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما سردارزادہ سمیع اللہ لانگو نے جمعیت سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور ملک بھر میں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کومایوس نہیں کرے گی عوام سے کئے گئے وعدے انشاء اللہ پورے کئے جائیں گے۔