تعلیمی بورڈ سکھر کے زیر انتظام انٹر کے سالانہ امتحانات شروع

468

سکھر (نمائندہ جسارت) تعلیمی بورڈ سکھر کے زیر انتظام انٹر کے سالانہ امتحانات شروع، ٹیموں کے مراکز پرچھاپے ،کئی امیدواروں کے موبائل فون ضبط، ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کے زیر انتظام بارہویں جماعت (انٹر) کے سالانہ امتحانات آج سے سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کے 101 امتحانی مراکز میں شروع ہوگئے ہیں، امتحانی مراکز میں 31756 امیدواروں سے فزکس کا پہلا پرچہ لیا گیا۔ امتحانات کے پہلے روز سکھر بورڈ کی جانب سے تشکیل دی گئی انسپیکشن ٹیموں نے مختلف امتحانی مراکز پر چھاپے مارے اور کئی امیدواروں کے موبائل فون ضبط کرلیے۔ اس موقع پر سیکرٹری سکھر بورڈ محمد رفیق پلھ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میٹرک کے امتحانات میں موبائل فون نقل کا ذریعہ بن گیا تھا، اس لیے اس بار پابندی کے باوجود موبائل فون لانے والے امیدواران کے موبائل فون ہی ضبط کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نقل کی روک تھام کے لیے سکھر بورڈ کی جانب سے 21 انسپیکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں دو خواتین کی خصوصی ٹیمیں بھی شامل ہیں جبکہ امتحانات کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ کے لیے حکومت سندھ سے سفارش کی گئی ہے۔ سکھر بورڈ کی جانب سے قائم کیے گئے 101 مراکز میں سے 51 خیرپور، 28 سکھر اور 22 گھوٹکی ضلع میں قائم کیے گئے ہیں۔