تبدیلی کے نام پر سلیکٹڈ عوام دشمن حکمران مسلط ہیں، نثار کھوڑو

103

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ میں حکومت بنانے کا خواب دیکھنے والوں کو عوام آئندہ انتخابات میں سندھ تو کیا ملک بھر میں مسترد کردیں گے، تبدیلی کے نام پر پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے بھی اب شرمندہ ہوچکے ہیں، عوام سے جینے کا حق چھیننے والی پی ٹی آئی سرکار کی اصلیت سب کے سامنے عیاں ہوچکی۔ ملک پر تبدیلی کے نام پر سلیکٹڈ، جھوٹے، بدزبان اور عوام دشمن حکمران مسلط کردیے گئے ہیں، صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے اور عوام کو مھنگائی کی چکی میں پیسنے والی پی ٹی آئی سرکار آئندہ انتخابات میں سندھ میں حکومت حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہی ہے، سندھ کو این ایف سی، پانی، بجلی، گیس اور دیگر حقوق سے محروم رکھنے والی یہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت ہے۔ سندھ کے حقوق پر ڈاکا ڈال کر سندھ کے عوام سے جینے کا حق چھیننے والی بھی یہ وفاقی سرکار ہے۔ عوام جان چکے ہیں کہ سندھ اور سندھ کے عوام سے سوتیلی ماں جیسا سلوک رکھنے والی کوئی اور نہیں پی ٹی آئی کی وفاقی سرکار ہے۔ عوام آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملک بھر میں شکست دیں گے۔ عوام آئندہ انتخابات میں دھاندھلی کا مقابلہ کریں گے اور کسی کو ووٹ پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔ آئندہ انتخابات میں سلیکٹڈ پی ٹی آئی کا ملک بھر سے صفایا ہوگا۔