ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی، بابر اعظم کا تبدیلیوں کا اشارہ

196

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا۔ برج ٹاؤن میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ سیریز بہت اہم ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم اپنی بینچ اسٹرنتھ بھی چیک کریں گے تاکہ کمبی نیشن بناسکیں، ورلڈ کپ سے قبل ہمیں اپنا کمبی نیشن دیکھنا ہے۔کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں پہلے والی غلطیوں کو نہیں دہرانا اور ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں کو اعتماد دینا ہے۔اپنی انفرادی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوشش کرتا ہوں کہ ذمے داری کے ساتھ کھیلوں، ہر میچ میں توقعات پر پورا اترنے کی کوشش ہوتی ہے۔ویسٹ انڈیز سیریز پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فیلڈنگ پر بہت کام کیا ہے، اچھی کرکٹ کھیلیں گے، کسے کھلانا ہے اس کا فیصلہ تقریباً کر چکے ہیں۔کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز میں کنڈیشنز مختلف ہیں کوشش ہے سب کو متواتر مواقع ملیں۔