چیئر مین ای او بی آئی کی تقرری کا فیصلہ 17 ماہ بعد بھی نہ ہوسکا

190

کراچی(اسٹاف رپورٹر)17 ماہ کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود چیئرمین EOBI کے تقرری کا فیصلہ نہیں ہو سکا جس کے باعث موجودہ انتظامیہ کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے اس بات کا اظہار چیئرمین ای او بی آئی پنشنرز ویلفیئر ایسوسی EPWA اظفر شمیم نے مرکزی عہدیداران کے اہم اجلاس سے رابطہ آفس میں خطاب کے دوران کیا اور وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بغیر مزید کسی تاخیر کے EOBI کے لیے ایماندار اور بزرگ پنشنرز سے ہمدردی اور اُن کے مفاد میں اپنی صلاحیتیں استعمال کرنے والے چیئر مین کا فوری تقرر عمل میں لایا جائے۔ صدر EPWA قاضی عبدالجبار نے اپنے خطاب میں کہا کہ صرف 8500 روپے ماہانہ پنشن حاصل کرنے والے پنشنرز اپنے روزمرہ کے اخراجات پورا کرنے سے قاصر ہیں ریٹائرمنٹ سے پہلے 15 سال تک دوران ملازمت EOBI کو اپنی تنخواہ سے مخصوص رقم باقاعدگی سے ادا کرنے کے باوجود نہایت قلیل پنشن ملنے کے بعد مفلسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے صاحب اقتدار سے اپیل کی کہ پنشن کم از کم ایک سرکاری مقررہ کردہ تنخو ا ہ کے مساوی کی جائے۔جنرل سیکرٹری EPWA علمدار رضا نے پاکستان کے تمام پنشنرز کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کیے جانے والے ادارے EOBI کی انتظامیہ کی توجہ انتہائی مہلک بیماریوں کے باعث سینکڑوں کی تعداد میں علاج کی سہولت نہ ہونے کے باعث انتقال کر جانے والے پنشنرز کی طرف کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر میڈیکل کی سہولیات دینے کا فیصلہ کیا جائے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو اُن کا پنشن کے حوالے سے جائز حق دلوانے کے لیے انتظامیہ EOBI سے جلد ملاقات کے فیصلے سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ واجب الادا رقم EOBI کو حال ہی میں ادا کر چکی ہے جس کے بعد پنشنرز کو اُن کا قانونی حق دلانے کے لیے کارروائی عمل میں لانے کے لیے EPWA کا وفد اعلیٰ انتظامیہ سے جلد ملاقات کرے گا۔