کرکٹ ایسوسی ایشنز حکام اور پی سی بی انتظامیہ کے درمیان ملاقات

427

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور فرسٹ بورڈ رآف کرکٹ ایسوسی ایشنز کی انتظامیہ کے درمیان گذشتہ روز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہورمیں اہم ملاقات ہوئی۔اس ملاقات میں گزشہ مہینوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اس کے ساتھ آئندہ سیزن کے اہداف بھی مقرر کئے گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی کاوشوں کو سراہا اورپی سی بی نے اس موقع پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس طویل میٹنگ میں مکمل مشاورت کے ساتھ فیصلے ہوئے جس میں باصلاحیت افراد کی نشاندہی اور خاص طور پر بہترین کوچنگ اسٹاف مقرر کرنا شامل ہے۔6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کو کوالیفائیڈ کوچز مدد فراہم کریں گے جس سے بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔ اس میٹنگ کے دوران ہیڈ آف نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے ہائی پرفارمنس سینٹر میں کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی ڈویلپمنٹ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے لئے بہترین کوچز مقرر کئے گئے ہیں۔ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز نے نچلی سطح پر کرکٹ کی بہتری کے منصوبوں پر بات کی اور کلب،اسکول، کالج اور یونی ورسٹیز کی سطح پر کرکٹ بحال ہونے کا امکان ظاہر کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کلب رجسٹریشن اور جانچ پڑتال کے عمل کے بارے میں کرکٹ ایسوسی ایشنز کے حکام کو آگاہ کیا اوران کو بتایا گیا کہ 4 ہزار سے زائد کلبوں نے رجسٹریشن کے آن لائن درخواستیں جمع کرائی ہیں ، اس کا اگلا مرحلہ مقررہ وقت پر شروع کیا جائے گا۔ پی سی بی چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے بیان میں اس ملاقات کے متعلق خوشی کا اظہار کیا اور کہا اس طرح کرکٹ ایسوسی ایشنز اور پی سی بی حکام کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملی ہے اور یہ ملاقات اجتماعی طور پر آگے بڑھنے کے لیے مدد گار ثابت ہو گی۔