کشمیر پریمیر لیگ نے پہلے سیزن کے لیے ٹائٹل اسپانسر کا اعلان کردیا

410

کراچی (سید وزیر علی قادری) کشمیر پریمیر لیگ نے پہلے سیزن کے لیے ایس آر گروپ آف کمپنیز کا اعلان اپنے ٹائٹل اسپانسر کے طور پر کیا۔ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ایس آر جی کشمیر پریمیر لیگ کے لوگو کی رونمائی بھی کی گئی۔ تقریب کی سماجی پلیٹ فارمز پر بھی پزیرائی ہوئی۔ ایس آر گروپ کے بانی اور سی ای او سیف الرحمن خان نیازی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہویے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی کی ایس آر گروپ نے کے پی ایل کے ساتھ ہاتھ ملایا۔ اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ وہ لیگ کے آنے والے سیزنز میں بھی اپنی لامتنائی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کشمیر پریمیر لیگ کو ایک بہت بڑا برانڈ قرار دیا اور ساتھ ہی ساتھ کے پی ایل انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے اقتصادی امور کے وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے بھی کے پی ایل انتظامیہ کو دلی مبارکباد پیش کی اور بے حد جوش و خروش ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب مظفر آباد کے پی ایل کی میزبانی کرے گا تو دنیا دیکھے گی اور یہ شور وادی کشمیر سے سفر کرتا دنیا میں پھیل جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقامی کشمیری کھلاڑیوں کے پاس دنیا میں اپنی صلاحیتوں کی نمائش کے الیے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔ لیجنڈری کرکٹر عبد الرزاق جو اس تقریب میں موجود تھے انہوں نے بھی عمر ایوب خان کے بیان کی تائید کی اور مزید کہا کہ وہ مقامی کشمیری کھلاڑیوں کو دیکھ کر بہت پر جوش ہیں اور کے پی ایل پلیٹ فارم واقعی ان کے لیے زندگی کا باعث بن سکتا ہے۔ کے پی ایل کے صدر عارف ملک نے سیف الرحمن خان نیازی اور ایس آر گروپ کا شکریہ ادا کیا اور کے پی ایل فیملی میں ان کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کی کس طرح مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم ایک جدید ترین اسٹیڈیم میں تبدیل ہوررہا ہے جس میں قابل ستائش کام سے اسٹیڈیم کو ایک نیا رنگ دیا گیا ہے۔ کے پی ایل کے سی ای او چودھری شہزاد اختر نے بھی ایس آر گروپ کے ساتھ ساتھ تمام فرنچائزز کا خیرمقدم کیا اور کے پی ایل کے لیے بھرپور حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تمام 6کے پی ایل فرنچائزز کے ساتھ ساتھ ان کے متعلقہ مالکان اور نمائندے بھی اس تقریب میں موجود تھے اور سب ے ایس آر گروپ کا خیرمقدم کیا۔ ایس آر جی کشمیر پریمیر لیگ کا سیزن ون 6اگست سے مظفر آبادمیں شروع ہوگا۔