کے الیکٹرک نے عوام کی چیخیں نکلوادیں ،اس کا قبلہ درست کرنا ہوگا،قائمہ کمیٹی

209

اسلام آباد(آن لائن)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ نے کہا ہے کہ کون سا جن ہے جو ہر پندرہ دن بعد پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا کہتا ہے ،ملک میں جب پٹرول بحران آیا تو غلطی اوگرا کی تھی اور ملبہ حکومت پر گرایا گیا، کے الیکٹرک نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں، اس کا قبلہ درست کرنا ہوگا، کراچی کو وفاق 12 سو میگا واٹ بجلی فراہم کر رہا ہے اس کے باوجود بھی 6سے 8 گھنٹہ کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ۔چیئرمین نیپرا اور اوگرا نے کمیٹی کو بتایا کہ کہا کہ ملک میں ایسے خطرناک مافیاز ہیں کہ جن پر ہاتھ ڈالنا مشکل ہے ،پٹرول چوری رک نہیں سکتی ،بجلی کی سپلائی کا بھی یہی حال ہے ،کمیٹی نے دونوں چیئرمینوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اگلے اجلاس میں ناقص پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی، چوری،پیٹرول پمپس کی تفصیل اور کے الیکٹرک کا معاہدہ طلب کرلیا ۔،گزشتہ روز چیئرمین کمیٹی سینٹر رانا مقبول کی صدارت میں کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینٹر کامل علی آغا،رخسانہ زبیری،خالدہ عطیب،سیف اللہ خان نیازی،سرفراز بگٹی اور چیئرمین اوگرا،چیئرمین نیپرا و ایم ڈی پی ٹی ڈی سی سمیت دیگر نے شرکت کی،کمیٹی اجلاس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ ہائی اوکٹن کے ریٹ مقرر نہیں ہیں ،کہیں سستا اور کہیں مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے ،کامل علی آغا نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ پٹرول مہنگا کرنے کے باوجود اسکی کوالٹی کمپرومائز ہو رہی ہے ،اور یہ کام پٹرول پمپ دھڑلے سے کر رہے ہیں ملک میں قانون موجود ہے اور اس عمل درآمد کرنے والے بھی موجود لیکن سب خاموش بیٹھے ہیں ،یہ ظلم کا نظام کب تک چلے گا،چیئرمین کمیٹی رانا مقبول نے کہا کہ غلطیاں اوگر ا کی ہیں اور ملبہ حکومت پر گرا دیا جاتا ہے ،چیئرمین اوگرا نے کہا کہ پیٹرول کی اسمگلنگ ہو رہی ہے اور جس روک نہیں پا رہے ہیں ،کامل علی آغا نے کہا کہ ان کو ریگولرائز کر دیں تو زیادہ اچھا ہے ، چیئرمین اوگر ا نے کہا کہ ملک بھر میں یورو فور اور فائیو کی فراہمی کے لیے اپنی ریفائنریاں لگا رہے ہیں انشاء اللہ کوالٹی کمپرومائز نہ ہو گی۔دوسری جانب چیئرمین نیپرا توصیف احمد سے سوال کیا گیا کہ ملک بھر میں عام گھروں میں ٹرانسفارمرتیار کیے جا رہے ہیں اور جب تک عام شہریوں سے واپڈا والے پیسے نہیں لیتے اس وقت تک ٹرانسفارمر تبدیل ہیں نہیں کرتے ،کراچی میں کے الیکٹرک نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں ،وفاق سے بارہ سو میگا واٹ بھی لے رہے ہیں اور پھر بھی بجلی نہ ہونے کے برابر ہے ،ایسا کب تک چلے گا ،اگر وفاق یہ سہولت واپس لے لیتا ہے تو پھر کیا حالات ہونگے،چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ہمیں مافیاز کا سامنا ہے اورانکے خلاف کارروائی عمل نہیں لائی جا سکی،کمیٹی نے کہا کہ اپ اگلے اجلاس میں تمام مافیاز جن کے بارے اپ جانتے ہیں آگاہ کریں۔کمیٹی نے یہ سوال بھی کیا کہ ناقص میٹریل سے ٹرانسفارمر مرمت کرکے لگائے جا رہے ہیں جو کہ پھٹ رہے ہیں اور جانی نقصان ہو رہا ہے ،پہلے زرداری ،نواز شریف پر الزام تھا تو اب کس پر ہے ،ہمیں کے الیکٹرک کا قبلہ درست چاہیے ،اصل معاہدے پر جب تک عمل درآمد نہیں ہوتا یہ مسائل جو ں کے توں رہیں گے۔کامل علی آغا نے چیئرمین نیپرا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کچھ بھی نہ کریں صرف کے الیکٹرک کا قبلہ درست کر لیں آپ کا ملک پر احسان ہو گا۔