پاکستانی عدلیہ سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ گمراہ کن ہے،دفتر خارجہ

165

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان میں عدالتی نظام سے متعلق رپورٹ مسترد کردی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان میں عدالتی نظام کے بارے میںرپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عدالتی نظام کے بارے میں امریکی رپورٹ میں دیے گئے تاثرات غیر معقول اور غیرمصدقہ ہیں، پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اور عدالتیں ملک کے آئین و قوانین کے مطابق کام کر رہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی رپورٹ میں الزامات کو حقائق کے برعکس اور گمراہ کن طور پر پیش کیا گیا، حکومت پاکستان ریاست کی ایگزیکٹو، مقننہ اور عدلیہ کے مابین اختیارات کی علیحدگی پر یقین رکھتی ہے لہذا پاکستان کی عدلیہ پر کسی قسم کے جبر یا دبائو کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ترجمان کے مطابق امریکی رپورٹ میں بے بنیاد دعوے پاکستانی عدالتوں کے لاتعداد فیصلوں کے منافی ہیں، رپورٹ میں پاکستان کے ریگولیٹری نظام میں مبینہ کوتاہیوں کے حوالے سے قیاس آرائی کی گئی ہے، امریکی رپورٹ میں ناقابل تصدیق ذرائع سے اپنے نتائج اخذ کیے گئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا سمیت عالمی برادری کے ساتھ معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون حکومت پاکستان کی ایک اہم ترجیح ہے جب کہ ہم پاکستان کی جیو معاشی صلاحیت کو بہتر طور پر محسوس کرنے کیلیے اقدامات جاری رکھیں گے۔