ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد‘ فنڈ کے اجرا کویقینی بنایا جائے‘جام کمال

220

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ترقیاتی محکموں کو پی ایس ڈی پی میں شامل ترقیاتی اسکیمات کی مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے، اسکیمات کی لائف لائن مقرر کرنے اور سہ ماہی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور فنڈ کے اجرا کو بروقت یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی عمل کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ پائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل روڈ اور بلڈنگ سیکٹرز کے منصوبوں پر پیشرفت اور رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں بلڈنگ سیکٹر کی اسکیمات پر عمل درآمد کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کی کمیٹیوں پی ڈی ڈبلیو پی اور ڈی ایس سی کے اجلاس تواتر کے ساتھ منعقد کیے جائیں، منصوبوں کی مانیٹرنگ اور ان پر عمل درآمد کے لیے ڈویژنل کمیٹیوں کو مزید مستحکم اور فعال کیا جائے۔ اس سے قبل اے سی ایس منصوبہ بندی و ترقیات نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ مالی سال22-2021ء کے ترقیاتی پروگرام میں3811 منصوبے شامل ہیں جن میں سے 2286 نئے اور1525 جاری منصوبے ہیں۔ اجلاس کو محکمہ بلڈنگ کی جانب سے بتایا گیا کہ ماڈل بورڈنگ اسکولز کی تعمیر کا ماسٹر پلان بنایا گیا ہے۔15 ایکٹر پر مشتمل ان اسکولوں میں ہاسٹل، جمنازیم، گرائونڈ، اسٹاف کے لیے رہائش سمیت دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ اجلاس کو جی او آر طرز پر ڈسٹرکٹ ریذیڈینشل کمپلیکس کی تعمیر، روڈ سیکٹر میں نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں،105 اور77 ترجیحاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔