جماعت اسلامی ہی اسلامی نظام لاسکتی ہے، محبوب کوریجہ

136

کراچی(اسٹاف رپورٹر)علما و مشائخ رابطہ کونسل پاکستان کے چیئرمین اور سجادہ نشین کوٹ مٹھن شریف معین الدین محبوب کوریجہ نے کہا ہے کہ مشائخ وعلما ایماندار ودیانتدار قیادت کو آگے لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ملکی حالات اس وقت خراب ہیں اور عالمی طاقتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں تاکہ وہ پاکستان کی سا لمیت کو نقصان پہنچا سکیں حالیہ دھماکے بھی اس کی ایک کڑی ہیں، پاکستان اس وقت آپس میں لڑنے یا بٹنے کا بالکل متحمل نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت کندھ کوٹ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا،جس میں جماعت اسلامی کے ذمے داران اور شہرکے معززین بھی شریک تھے ۔معین الدین محبوب کوریجہ نے مزید کہاکہ میرا یہ پختہ ایمان ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں اسلام کا عادلانہ نظام صرف جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے اس لیے کہ ایماندار ودیانتدار اور مخلص قیادت وکارکن جماعت اسلامی کے پاس ہیں، دیگرتمام پارٹیاں عوام کے مفادات کے بجائے ذاتی مفادات اور عالمی استعماری قوتوں کے مفادات کا تحفظ کرتی رہی ہیں ۔اس وقت خصوصاً سرزمین سندھ کی جس میں پیپلزپارٹی نے عوام کے نام پر عوام سے دھوکا کیااب عوام کو اپنا مستقبل سنوارنے کے لیے ایماندار اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔جماعت اسلامی کی قیادت کو چاہیے کہ اپنی تمام تر توجہ کا مرکز ومحور انتخابات کو بنائے تاکہ آنے والے بلدیاتی اور عام انتخابات میں بہتر نتائج کا حصول ممکن ہوسکے۔ اس وقت ہمیں ضرورت ہے آپس میں اتفاق اور بھائی چارے سے رہنے اور ہرچیز کو بالائے طاق رکھنے کی اور عالمی طاقتیں ہمیں فرقہ واریت میں ڈال کر لڑانا چاہتی ہیں جو کہ ہم نے ہرگز ہرگز نہیں کرنا ہے اور دین اسلام اور آپؐ کی سیرت مبارکہ بھی ہمیں اسی بات کا درس دیتی ہے کہ ہم امن بھائی چارے اورایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھ کر زندگی گزاریں کسی کو تکلیف نہ پہنچائیں اور ہم نے عالمی طاقتوں کو ملکر ناکام بنانا ہے۔علما ومشائخ سندھ کونسل کے صدرحافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ سندھ کے عوام وڈیروں اور جاگیرداروں کے پاس گروی ہیں ،ہمارا استحصال سندھ کا جاگیردار کررہا ہے اس لیے عوام اپنی طاقت کو پہچانتے ہوئے اپنے مستقبل کو سنوارنے کے لیے استعمال کریں ۔پیپلزپارٹی نے بار بار سندھ کے عوام کے ووٹوں سے اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ کر ذاتی مفادات کی نگہبانی اور مالی فوائد سمیٹے جبکہ سندھ کے لوگ آج بھی تعلیم، صحت، روزگار اور صاف پانی سمیت تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،جماعت اسلامی اورعلما ومشائخ اتحاد ویکجہتی اور بہترین منصوبابندی کے ساتھ جاگیرداروں،وڈیروں اور کرپٹ مافیا سے عوام کو چھٹکارہ دلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ آنے والے انتخابات میں بہتر نتائج حاصل کرکے ملک کا تحفظ اور عوامی مسائل کو حل کیا جاسکے۔ تقریب سے نائب امیر صوبہ پروفیسر نظام الدین میمن اور امیر ضلع آغا عبدالفتاح پٹھان نے بھی خطاب کیا۔