آزاد کشمیر میں کرپٹ مافیا، بیوروکریٹس و دیگر کی فہرستیں تیار

239

اسلام آباد (آن لائن) آزاد ریاست جموں کشمیر میں کرپٹ مافیا کے خلاف فہرستیں تیار ہونا شروع ہوگئی ہیں، تمام اضلاع کے ڈی سیز اور احتساب بیورو کو کرپٹ مافیا، بیوروکریٹس، سہولت کار، قبضہ مافیا اور عوام کے پیسے کی لوٹ مار سمیت دیگر اقربا پروری پر مشتمل فہرستیں تیاری کے آخری مراحل میں پہنچ گئیں، نئی حکومت کے وجود میں آتے ہی ایکشن شروع ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے آزاد ریاست کشمیر میں بھی پاکستان طرز کا احتساب کرنے کا عندیہ دیا ہے اور اس سے متعلق احتساب بیورو میں زیر التوا تمام درخواستوں کی چھان بین شروع کردی گئی اور بیشتر خفیہ ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جانے لگا ہے۔ علاوہ ازیں ریاست میں بیوروکریٹس اور میرٹ سے ہٹ کر انجام دیے جانے والے کاموں کی بھی الگ فہرست تیار ہو چکی ہے اور اینٹی کرپشن طرز کا خودمختار ادارہ بھی وجود میں آنے والا ہے۔ وفاقی دارالحکومت سے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے وجو د میں آتے ہی ترقیاتی کاموں کا جال بچھ جائے گا اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ کرپٹ مافیا کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا اور اس پر مشاورت مکمل ہوچکی ہے اور خفیہ فہرست بھی تیار ہوچکی ہے، جن کا ماضی بے داغ ہے اور ان کو اداروں کا سربراہ اور دیگر پوسٹوں پر تعینات کیا جائے گا،درجنوں بیوروکریٹس اور سیاستدان جیل کی سلاخوں کے پیچھے بند ہوں گے۔