بلدیہ سیکٹر 9 بلاک بی کا فٹبال گرائوند سیوریج کے پانی سے تباہ

296

کراچی (رپورٹ:عارف میمن ) بلدیہ ٹائون میںانتظامیہ کی جانب سے سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث فٹبال گرائونڈ کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگیاہے۔کھیلوںکی سرگرمیاںماند پڑنے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون سیکٹر 9بلاک Bکا فٹبا ل گرائونڈ انتظامیہ کی لاپرواہی اور نااہلی کے باعث ڈمپنگ پوائنٹ بن گیا، واٹر بورڈ انتظامیہ کی غفلت نے سیوریج نظام کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا، علاقے میںسیوریج لائنوں کی تباہی سے پانی نے گرائونڈ کا رخ کرلیاہے۔علاقہ مکینوںنے جسارت کوبتایا کہسیوریج کی تباہی کے ذمے دار زیڈ ایم اے کی سیٹ پربراجمان شاہنواز بھٹی ہیںجو دیہاڑی دارمزدوروں سے کام کرواتے ہیں جب کہ ادارے کے اپنے ملازمین غیرحاضر ہی رہتے ہیں۔اس سے قبل بھی روزنامہ جسارت نے گرائونڈ کے حوالے سے سروے کیا تھا جس میں شہریوں اور کھلاڑیوں نے انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم صرف ووٹ کے لیے رہ گئے ہیں ، ہمارے لیے کوئی بھی ایم این اے اور ایم پی اے حاضر نہیں ، ٹائون میں شکایات درج کراچکے ہیں مگر تاحال کوئی ایکشن نہیں لیاگیا۔جسارت نے ڈی ٹی او آصف بیگ سے بھی اس سلسلے میں رہنمائی لینا چاہی تو وہ بھی کوئی خاطرخواہ جواب نہیںدے سکے۔ سیکٹر نائن بی دراصل پی ایس 115اوریوسی 36میں آتا ہے جب کہ فاروق اعظم مسجد کے دوسرے مین گیٹ پر یوسی 37اور پی ایس 116لگتا ہے جس کی بناء پر نہ گرائونڈ پر کوئی توجہ دی جاتی ہے نہ ہی گٹروںکی صفائی۔ پی ایس 116پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری افتخار شاہ سے رابطہ کیاگیا تو انہوںنے یہ کہہ کر فون بند کردیا کہ یہ کام ہمارا نہیں ا یہ پی ایس 115کا حلقہ ہے آصف موسیٰ سے رابطہ کریں۔ جب پی پی رہنما اورپی ایس 115 کے جنرل سیکرٹری آصف موسیٰ سے رابطہ کیاگیا تو انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ علاقے مسائل کے حل کیلیے فوری کوششیں کی جائیں گی ،اور گرائونڈ کو پھر سے آباد کیاجائے گا، تاہم اس بات کو بھی دو ماہ گزرچکے ہیں لیکن اس پر کوئی قابل ذکر کارروائی نہیں کی گئی، تاہم کچھ نمائشی کام کرکے سب اچھاکی رپورٹ ضرورپیش کردی گئی ہے۔