آنکھوں کے گرد گہرے حلقے کیوں ہوتے ہیں؟

568

تمھاری آنکھوں کے نیچے یہ کالے حلقے کیوں ہیں؟ … مرد ہو یا عورت ہر انسان خوبصورت نظر آنا چاہتا ہے اگر جِلد صاف شفاف نکھری ہو مگر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے موجود ہوں تو ایسے میں ساری شخصیت پر منفی اثر پڑتا ہے، سیاہ حلقوں کا علاج چند مفید ٹوٹکوں کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

شائع ہونےوالی تحقیق کے مطابق مہنگی کریموں کے لگانے سے حلقوں پر کوئی خاطر خواہ فرق نہیں پڑتا البتہ آنکھوں کی صحت اور بینائی ضرور داؤ پر لگ جاتی ہے، لہٰذا ان کریموں سے جان چھڑانے اور گھر ہی میں اپنی خوبصورتی کو چار چاند لگانے کے لئے سب سے پہلے سیاہ حلقے بننے کی وجوہات جاننا لازمی ہیں۔

ماہرین کے مطابق نیند کی کمی کے سبب آنکھوں کے گرد گہرے حلقے بن جاتے ہیں جبکہ خواتین میں ہارمونز کی تبدیلی، چڑچڑا پن اور ذہنی دباؤ کے سبب بھی سیاہ حلقے پڑتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نشہ آور ادویات کا زیادہ استعمال، سگریٹ نوشی، پانی کی کمی اور غذائی کمی کے سبب بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے بن جاتے ہیں اور آنکھوں کی خوبصورتی ماند پڑجاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ  آنکھوں کے گرد بن جانے والے سیاہ حلقوں کے علاج کے لئے سب سے سستا ترین طریقہ زیادہ سے زیادہ پانی پینا ہے اور دن میں تقریباً 8 سے 12 گلاس پانی لازمی پئیں،  اس کے علاوہ  آنکھوں کے گرد سیا حلقوں کا علاج ایلوویرا سے بھی کیا جا سکتا ہے، آنکھوں پر ایوویرا جیل لگانے سے دھبے صاف اور آنکھیں بھی روشن دکھائی دیتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق آلوؤں کے قتلوں کو آنکھوں کے نیچے ہلکے ہاتھوں سے ملیں، کچھ دن بعد حلقے دور ہوجائیں گے جبکہ پودینے کے پتوں کا پیسٹ بنا کر آنکھوں پر لگانے سے آنکھوں کے گرد جلد کی رنگت نکھر جاتی ہے، سیاہ حلقے دنوں میں ختم ہو جاتے ہیں۔

سیاہ حلقوں کے علاج کے لئے ٹماٹر کا جوس پینا اور لگانا دونوں نہایت مفید ثابت ہوتا ہے، ٹماٹر کے رس میں دو بوند لیموں کے رس کی ملائیں اور آنکھوں پر روئی کی مدد سے لگا لیں، سیاہ حلقے جلد دور ہو جائیں گے۔

کھیرے کے قتلے اپنی آنکھوں پر رکھ کر کم از کم آدھے گھنٹے یا 15 سے 20 منٹ کے لے سو جائیں یا آنکھیں بند کر لیں، یہ عمل روزانہ دہرائیں، آنکھوں کے گرد جلد کی رنگت نکھر جائے گی۔

اسٹیل کا چمچ لیں اور رات میں اسے فریزر میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں، صبح اٹھنے کے بعد فریج سے چمچ نکال کر اپنی دونوں آنکھوں پر کچھ منٹ کے لئے اس سے مساج کریں، اس عمل کو تین بار دہرائیں، حلقے دنوں میں غائب ہو جا ئیں گے۔

گرین ٹی کے ایک ٹی بیگ کو پانی میں بھگو کر فرج میں رکھ دیں، بعد میں اسے اپنی آنکھوں پر رکھ دیں، اس عمل کو بار بار کرنے سے بہترین نتائج حاصل ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق  آنکھوں کو چمکداراور خوبصورت بنانے کے علاج کے لئے اپنی غذا کو آئرن، وٹامن اے، سی اور ای سے بھرپور بنائیں، اس سے آنکھوں کی گرد سیاہ حلقوں سے نجات حاصل کرنے میں بہت مدد ملے گی۔