سندھ ٹریکٹر کرپشن کیس،ملزمان کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

99

اسلام آباد (آن لائن) احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزمان ممتاز عباسی اور عاطف شاہدکے جوڈیشل میں توسیع کردی۔گزشتہ روز دونوں ملزمان کو جیل سے عدالت لایاگیا۔یاد رہے کہ ملزمان سندھ ٹریکٹر سبسڈی میں کرپشن میں ملوث تھے،نیب سندھ ٹریکٹر سبسڈی میں کرپشن میں متعدد ملزمان گرفتار کر چکا ہے، ملزمان پر ٹریکٹریوں کی خریداری میں 793ملین کی مبینہ کرپشن کا الزام ہے۔ علاوہ ازیں عدالت نے جعلی اکاؤنٹس میں پارک لین کو زمین کی الاٹمنٹ کیس میں ملزمان سابق رکن ماحولیات سی ڈی اے میاں وحید الدین اور سابق نائب تحصیلدار محمد اقبال کو مستقل استثنا دے دیا۔ عدالت کو بتایاگیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزمان کو ضمانت اور ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنا کی درخواستیں منظور کررکھی ہیں جس پر عدالت نے ریفرنس دائر ہونے تک دونوں ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ کا حکم دے دیا۔مزید برآں احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت محمد حسین سید وغیرہ کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں ملزمان کی بریت درخواستوں پر فیصلہ موخر کرتے ہوئے سماعت3 اگست تک کے لیے ملتوی کردی۔