منی لانڈرنگ مقدمات سی ٹی ڈی سے ایف آئی اے منتقل کرنیکا فیصلہ

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سی ٹی ڈی کے زیر تفتیش منی لانڈرنگ کے اہم مقدمات ایف آئی اے کو دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، گزشتہ چند ماہ کے دوران کراچی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ہاتھوں گرفتار متعدد دہشت گرد منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ان کے کیسز اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ایف آئی اے کو منتقل کیے جائیں گے، کیسز منتقلی کا مقصد منی لانڈرنگ کی باریک بینی سے تفتیش ہے، پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی منی لانڈرنگ کی تحقیقات ایف آئی اے طرز پر نہیں ہوسکتی، مقدمات کی منتقلی کے فیصلے کے بعد ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کراچی پولیس کے افسران کو خط لکھ کر مطلع کردیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ تمام زیر تفتیش مقدمات کی تفصیلات سے ایک پرفارما بھر کر آگاہ کیا جائے، پرفارما میں ملزم کا نام، کیس کی صورتحال اور منی لانڈرنگ کے ثبوت سے آگاہ کیا جائے۔