نیب کراچی نے 4سال میں 322انکوائریاں مکمل کیں

102

اسلام آباد (اے پی پی) نیب کراچی نے 11 اکتوبر 2017ء سے اب تک 322انکوائریاں اور 172انویسٹی گیشنز مکمل کیں جبکہ متعلقہ احتساب عدالتوں میں 107 بدعنوانی کے ریفرنسز دائر کیے گئے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر نیب کراچی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔نیب کراچی کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی صدارت میں نیب ہیڈکوارٹرز میں ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی نے بتایا کہ 11اکتوبر 2017 ء سے اب تک نیب کراچی نے 1182 شکایات کی جانچ پڑتال کی منظوری دی جس میں سے 1008 شکایات کی تصدیق کی گئی جبکہ 232 شکایات کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیب کراچی نے اس عرصے کے دوران 481انکوائریوں کی منظوری دی، ان میں سے 322 کو مکمل کیا گیا جبکہ 320پر کاررروائی جاری ہے۔ نیب نے اس عرصہ کے دوران 153 انویسٹی گیشنز کی منظوری دی جبکہ 172انویسٹی گیشنز مکمل کی گئیں اور 102کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ احتساب عدالتوں نے اس عرصہ کے دوران 25مجرموں کو احتساب عدالتوں میں سزا سنائی گئی ہے۔ ڈی جی نیب کراچی نے مزید بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی دانشمندانہ قیادت میں نیب کراچی نے اس عرصہ کے دوران بالواسطہ طور پر 8.14831ارب روپے جبکہ بلاواسطہ طور پر 324.174 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔