انٹر امتحانات ،بد نظمی پیپرز تاخیر سے پہنچنے اور مقررہ وقت سے قبل لینے کی شکایات

127

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات2020-2021ء کا آغاز ہو گیا۔امتحانات کے آغاز میں ہی شہر کے کئی امتحانی مراکز میں پیپر تاخیر سے پہنچے تاہم طلبہ وطالبات سے مقررہ وقت سے قبل ہی پیپر واپس لے لیا گیا۔ پہلے مرحلے میں بارہویں جماعت کا صبح طبیعات اور شام میںاکاؤنٹنگ کا پرچہ لیا گیا۔ امتحانات کا دورانیہ9.30 سے 11.30 تک 2 گھنٹے کا تھا۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 12 ہزار 600 طلبہ امتحان میں شریک ہورہے ہیں‘210 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے66 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ صبح کی شفٹ میں114 جبکہ شام کی شفٹ میں96 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں‘2 شکایتی سیل بھی قائم کیے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز کے قریب تمام فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں بند ہوں گی۔ نقل کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے سائبر ونگ کو خط لکھا گیا ہے۔ کسی بھی طالبعلم کو موبائل فون یا کسی بھی قسم کی الیکٹرونک ڈیوائس لانے کی اجازت نہیں ہے۔ بصورت دیگر پرچہ منسوخ کردیا جائے گا۔16 رکنی ویجلینس ٹیم بنائی گئی ہے جو مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کر رہی ہے۔ پرچہ آوٹ نہ ہونے کے لیے اسکول پرنسپل اور ویجلینس آفیسر کو احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اسلامیہ کالج سائنس میں امتحانی پرچہ صبح9:45 کے بعد طلبہ کو دیا گیا تاہم وقت مقررہ سے قبل ہی واپس لے لیا گیا۔ کچھ طلبہ کے استفسار پر کلاس میں موجود نگران کمرہ کی جانب سے یہ کہا گیا کہ وفاقی وزیر شفقت محمود کی بدولت آپ ویسے بھی پاس ہی ہیں۔ اسی طرح کا ایک اور واقعہ گورنمنٹ کالج فارمین میں بھی پیش آیا۔ جہاں سائنس کے پرچے کے آغاز کا وقت 9:30 بجے تھا تاہم طلبہ کو امتحانی پرچہ 11:20پر دیا گیا اور وقت سے قبل ہی واپس لے لیا گیا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پرچے کی تاخیر کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ امتحانی پرچہ 3 صفحوں پر مشتمل تھا جوکہ اسٹپل نہیں تھا ۔کالج انتظامیہ کی جانب سے پرچے کو اسٹپل کرکے طلبہ میں تقسیم کیا گیا۔ چیئرمین انٹر بورڈ سعید الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتا یا کہ کراچی بھر میں 210 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں‘ کچھ سینٹر میں پیپر تھوڑا تاخیر سے شروع ہوا تو انہیں پورے 2 گھنٹے کا وقت دیا گیا‘ پرچہ لیک یا آئوٹ ہونے کی کوئی خبر تاحال موصول نہیں ہوئی ہے‘ ایسے امیدوار جو کورونا وائرس کے سبب امتحانات میں شریک نہیں ہو سکے انہیں فرسٹ ائرکے امتحانات کے ساتھ پرچوں میں شریک ہونے کی خصوصی اجازت دی جائے گی‘ پرچے سی سی اوز کے ذریعے وقت پر سینٹرز پہنچائے گئے ہیں۔