سی ویو پر پھنسا جہاز15 اگست تک نہیں نکالا جا سکتا، مشیر بحری امور

157
210727-8-33 کراچی: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمود مولوی اور کے پی ٹی حکام کو سمندر میں پھنسے بحری جہاز سے متعلق بریفنگ دی جارہی ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمودمولوی نے کہا ہے کہ کپتان نے تاخیر سے کال دی، جہاز کا انجن بند ہوکر سی ویو تک آگیا تھا،15 اگست سے پہلے جہاز نہیں نکالا جا سکتا۔ سی ویو کے ساحل پر پھنسے جہاز کے حوالے سے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی محمودمولوی نے کہا کہ فکر کرنے کی کسی کو ضرورت نہیں ہے،چیئرمین کے پی ٹی نادر ممتاز بھی موجود ہیں، 48 گھنٹے بعد ہم تیل نکال دینگے کہ یہاں کوئی نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ عید کے دنوں میں بند ہوتا ہے لیکن یہ جہاز اپنے کریو کو تبدیل کرنے یہاں آیا تھا،پھر پتاچلتا ہے کہ ایک دن اسکا لنگر گر جاتا ہے۔محمود مولوی نے کہا کہ جہاز کے مالک کی غلطیاں ہیں، جہاز کسی صورت ہلکے کمزور انجن کیساتھ نہیں آسکتا تھا، خوش قسمتی سے جہاز ڈھائی ناٹ کے انجن پر سنگاپور سے یہاں آیا ہے،کپتان نے تاخیر سے کال دی تب تک جہاز کا انجن بند ہوکر سی ویو تک آگیا تھا۔محمود مولوی نے کہا کہ اس جہاز میں 100سے سوا سوٹن تیل ہے،پہلے مرحلے میں تیل نکالا جائیگا لیکن 15 اگست سے پہلے جہاز نہیں نکالا جاسکتا کیونکہ مخصوص دنوں میں ہی اس جہاز کو نکالا جاسکتا ہے۔جہاز کا مالک ایرانی ہے اورکمپنی دبئی میں ہے، جہاز نکالنے کا بھی خرچہ ہوگا وہ مالک کی ذمے داری ہے۔ اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی نادر ممتاز نے بتایا کہ جہاز کا ایک لنگر پہلے ہی گر چکا تھا،ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ اس پر انکوائری کررہے ہیں،اس جہاز کے 2 انجن تھے 4 لنگر اسکے ساتھ موجود ہیں، ہمارے پاس وسائل موجود ہیں کہ ہم جہازوں کو ریسیکو کرسکتے ہیں۔