پولیس موبائل منشیات اسمگل کیس‘ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع

119

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں پولیس موبائل میں شہر میں منشیات کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کا کیس۔ عدالت نے ملزمان کو29 جولائی تک جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی۔ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر بوٹ بیسن پولیس نے سی آئی اے جامشورو کے6 اہلکاروں کو عدالت میں پیش کیا تھا۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ حساس نوعیت کا کیس ہے، اصل ذمے داران تک پہنچنے کے لیے جامع تحقیقات کی جا رہی ہے، ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے، مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کرنا ہے، جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ ملزمان میں کانسٹیبل محمد یعقوب، غلام عباس، اعجاز علی، عبدالنصیر، راحب حسین اور احمد نواز شامل ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ پولیس کا الزام ہے کہ ملزم منشیات کی ڈیلنگ کے لیے کراچی آئے تھے، پولیس اہلکار سرکاری موبائل میں جامشورو سے منشیات لے کر کراچی آئے تھے۔ منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی پولیس موبائل بھی ضبط کر لی گئی ہے۔