اثاثہ جات کیس‘ آغاسراج درانی ودیگر کیخلاف سماعت ملتوی

141

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔اسپیکر سندھ اسمبلی کے بیٹے آغا شہباز درانی کے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جہاں شبہاز درانی کے وکیل کی عدم حاضری پر سماعت غیر معینہ مدّت تک ملتوی کردی۔ نیب کاکہناتھا کہ آغا شہباز درانی اور دیگر کے خلاف انکوائری جاری ہے،آغا شہباز درانی کی جانب سے امریکا جانے کے لیے ای سی ایل سے نام خارج کرنے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔عدالت عظمیٰ کے حکم پر اسپیشل بینچ آغا سراج و دیگر کی درخواست ضمانت کی از سر نو سماعت کررہا ہے۔علاوہ ازیںسندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کے کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف تحقیقات سے متعلق شریک ملزمان کی درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔ اپنے دلائل میں نیب کا کہنا تھا کہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ درخواست گزار کا موقف ہے کہ نیب نے آغا سراج درانی کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے،اسی ریفرنس پردرخواست گزاران کو کال اپ نوٹس جاری کردیے گئے، ذوالفقار علی ڈہر اور شمشاد خاتون کے کال اپ نوٹس کالعدم قرار دیے جائیں، ایک الزام پر2 انکوائریز نہیں ہوسکتیں۔